لاہور (آئی این پی): پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے نیشنل چیمپئنز کپ 2026 کے شیڈول اور اسکواڈز کا اعلان کر دیا ہے۔ اس ٹورنامنٹ کے ساتھ ہی ڈومیسٹک سیزن 2026-27 اور آئی سی سی مینز ورلڈ کپ کی تیاریوں کا باقاعدہ آغاز ہوگا۔
ون ڈے فارمیٹ پر مشتمل یہ ٹورنامنٹ 11 سے 18 اگست تک ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، جس میں فائنل سمیت مجموعی طور پر سات ون ڈے میچز ہوں گے۔ ڈے اینڈ نائٹ میچز کا آغاز روزانہ دوپہر 3 بجے ہوگا۔
پی سی بی کی نیشنل سلیکشن کمیٹی نے 11، 11 کھلاڑیوں پر مشتمل چار اسکواڈز تشکیل دیے ہیں، جبکہ 13 ریزرو کھلاڑیوں کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔ ٹیمیں انجری یا کنکشن کی صورت میں ریزرو کھلاڑیوں کو شامل کر سکیں گی۔
ٹورنامنٹ میں پاکستان گرینز، پاکستان گولڈ، پاکستان وائٹس اور پاکستان بلوز کی ٹیمیں حصہ لیں گی۔ شاداب خان، شاہین شاہ آفریدی، صائم ایوب اور صاحبزادہ فرحان کو بالترتیب ان ٹیموں کا کپتان مقرر کیا گیا ہے۔
ہیڈ کوچز کے طور پر اعجاز جونیئر، مصباح الحق، اقبال امام اور اعزاز چیمہ ذمہ داریاں نبھائیں گے۔
شاہین شاہ آفریدی کی ٹیم میں عبدالصمد، حیدر علی، معاذ صداقت اور محمد نواز شامل ہیں، جبکہ صاحبزادہ فرحان کی قیادت میں عرفات منہاس، حسن علی، شامل حسین، سفیان مقیم اور حسین طلعت کھیلیں گے۔
صائم ایوب کی ٹیم میں علی رضا، حارث رؤف، حسن نواز، خوشدل شاہ، وسیم جونیئر اور عثمان خان شامل ہیں، جبکہ شاداب خان کی قیادت میں فخر زمان، محمد حسنین، سلمان مرزا، نسیم شاہ اور سمیر منہاس میدان میں اتریں گے۔
پی سی بی کے مطابق اس ٹورنامنٹ کا مقصد کھلاڑیوں کو زیادہ سے زیادہ ون ڈے کرکٹ کے مواقع فراہم کرنا اور انہیں آئندہ بین الاقوامی مقابلوں، خصوصاً آئی سی سی مینز ورلڈ کپ، کے لیے تیار کرنا ہے۔
اس موقع پر عاقب جاوید نے کہا کہ کھلاڑیوں کو ون ڈے کرکٹ میں ان کے مخصوص کردار کے مطابق مواقع دیے جائیں گے تاکہ قومی ٹیم کے لیے بہترین کمبی نیشن تیار کیا جا سکے۔






