اسلام آباد (آئی این پی): وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ حکومت پہلے دن سے کہہ رہی ہے کہ کالعدم جوائنٹ ایکشن کمیٹی کشمیر کاز کو نقصان پہنچا رہی ہے، جبکہ انتخابات میں حصہ نہ لینا اس کے بھارت نواز ہونے کا ثبوت ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عطا تارڑ نے کہا کہ کالعدم جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے کشمیر میں افراتفری پھیلانے کی ناکام کوشش کی اور شرپسند عناصر اب پوری قوم کو جوابدہ ہیں۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ کالعدم جوائنٹ ایکشن کمیٹی فرقہ واریت کو ہوا دینا چاہتی ہے اور مختلف مقامات پر پوسٹرز لگا کر گمراہ کن پروپیگنڈا کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ جتھہ بندی اور قانون شکنی کو سوشل میڈیا کے ذریعے فروغ دیا جا رہا تھا۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے ایک شخص کو گرفتار کیا ہے، جبکہ پاکستان اور قومی اداروں کے خلاف منظم گمراہ کن مہم چلائی جا رہی تھی۔ ان کے مطابق غلط معلومات پھیلانے والے نیٹ ورک کا تعلق بھارت سے ہے۔
عطا تارڑ نے دعویٰ کیا کہ کالعدم جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے شرپسند عناصر کی بھارتی فنڈنگ کے شواہد موجود ہیں اور متعدد بھارتی سوشل میڈیا اکاؤنٹس بھی سامنے آئے ہیں، جہاں عوام کو ریاست کے خلاف اکسانے کی کوشش کی جا رہی تھی۔
انہوں نے مزید کہا کہ عسکری محاذ پر بھارت کے خلاف پاکستان کی کامیابی کو دنیا نے تسلیم کیا، جبکہ سفارتی میدان میں بھی پاکستان نے اہم کامیابیاں حاصل کی ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






