اسلام آباد: آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور سے پاکستان پیپلز پارٹی خواتین ونگ کی چیف آرگنائزر افراء شہزادی اور سیکرٹری کوآرڈینیشن مہوش سردار نے جموں کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران خواتین ونگ کے تنظیمی امور، آزاد کشمیر کی موجودہ سیاسی صورتحال اور خواتین کو بااختیار بنانے سے متعلق مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ہمیشہ خواتین کے حقوق، ان کی سیاسی و سماجی ترقی اور بااختیار بنانے پر یقین رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کا ویژن خواتین کو قومی ترقی کے دھارے میں شامل کرنا تھا، جس پر پارٹی آج بھی بھرپور انداز میں عمل پیرا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ خواتین کسی بھی معاشرے کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کرتی ہیں، اس لیے انہیں ہر شعبے میں مساوی مواقع فراہم کرنا حکومت کی ترجیح ہے۔
انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر امور کی انچارج محترمہ فریال تالپور کی قیادت میں آزادکشمیر میں خواتین کو با اختیار بنانے کیلیے تمام تر اقدامات کئے جائیں گے ۔ انہوں نے خواتین ونگ کے تنظیمی کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ پارٹی کی مضبوطی اور عوامی رابطوں میں خواتین کا کردار انتہائی اہم ہے۔
افراء شہزادی اور مہوش سردار نے وزیراعظم کو خواتین ونگ کی تنظیمی سرگرمیوں سے آگاہ کیا اور ان کی قیادت کو سراہا۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






