الیکشن کمیشن کا اہم فیصلہ، سیاسی میدان میں ہلچل مچ گئی

مظفرآباد: آزاد جموں و کشمیر الیکشن کمیشن نے دو مزید سیاسی جماعتوں آل جموں و کشمیر جمعیت علماء اسلام اور جموں و کشمیر ڈیموکریٹک پارٹی کو باضابطہ طور پر رجسٹرڈ کر لیا ہے۔

ترجمان آزاد کشمیر الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق یہ رجسٹریشن معزز عدالت العالیہ کے فیصلے “وحید اشرف بنام الیکشن کمیشن” اور آزاد جموں و کشمیر الیکشنز ایکٹ و رولز 2020ء کی روشنی میں عمل میں لائی گئی۔

الیکشن کمیشن نے دونوں جماعتوں کی جانب سے جمع کروائی گئی دستاویزات کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد 23 مئی 2026 کو انہیں بطور سیاسی جماعت رجسٹرڈ کرنے کی منظوری دی۔

پریس ریلیز کے مطابق الیکشن کمیشن کے ایکشن پلان کے تحت سیاسی جماعتوں کی رجسٹریشن کیلئے 30 مئی 2026 آخری تاریخ مقرر کی گئی تھی، تاہم مزید سیاسی جماعتوں کو قانونی تقاضے پورے کرنے کا موقع فراہم کرنے کیلئے اس مدت میں 10 دن کی توسیع کر دی گئی ہے۔

اب سیاسی جماعتوں کی رجسٹریشن کا عمل 10 جون 2026 تک جاری رہے گا۔ الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ وہ تمام سیاسی جماعتیں جو آزاد جموں و کشمیر الیکشنز ایکٹ 2020 کے تحت مقررہ شرائط پوری کرتی ہیں، اپنی درخواستیں مطلوبہ دستاویزات کے ساتھ مقررہ تاریخ تک جمع کرا سکتی ہیں۔

الیکشن کمیشن نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ آزادانہ، منصفانہ اور شفاف انتخابی عمل کے انعقاد کیلئے تمام قانونی تقاضے بروقت مکمل کیے جائیں گے اور انتخابی نظام کو مزید مضبوط اور مؤثر بنایا جائے گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close