گڑھی دوپٹہ: وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے گڑھی دوپٹہ کو باضابطہ طور پر تحصیل کا درجہ دے دیا۔ اس حوالے سے وہ نوٹیفکیشن سمیت عوامی اجتماع میں پہنچے جہاں ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا اور بازار “جیے بھٹو” کے نعروں سے گونج اٹھا۔
معاونِ خصوصی وزیراعظم مبشر منیر اعوان کی دعوت پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے عوام سے کیے گئے وعدے مختصر مدت میں پورے کرنا شروع کر دیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گڑھی دوپٹہ کو تحصیل بنانے کا مطالبہ کئی برسوں سے موجود تھا، آج صرف اعلان نہیں بلکہ باقاعدہ عملدرآمد کرکے نوٹیفکیشن عوام کے سامنے پیش کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی ہمیشہ عام آدمی کے حقوق کی سیاست کرتی آئی ہے اور آئندہ بھی عوامی فلاح و بہبود کا یہ سفر جاری رہے گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ مبشر منیر اعوان عوام کے مستقل نمائندے ہیں اور علاقے کی ترقی کیلئے ان کی خدمات قابلِ ستائش ہیں۔
اس موقع پر وزیر صحت عامہ سید بازل علی نقوی سمیت دیگر سیاسی شخصیات بھی موجود تھیں۔ تقریب کے دوران عوام نے وزیراعظم پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں جبکہ کارکنان نے بھرپور نعرے بازی کی۔
معاونِ خصوصی وزیراعظم مبشر منیر اعوان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گڑھی دوپٹہ کے عوام کا دیرینہ خواب آج پورا ہوگیا ہے اور اس فیصلے سے علاقے کے لوگوں کو براہِ راست سہولیات میسر آئیں گی۔ انہوں نے سابق وزیراعظم ممتاز حسین راٹھور مرحوم کی خدمات کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔
بعدازاں وزیراعظم آزاد کشمیر نے مبشر منیر اعوان کی رہائش گاہ جا کر ان کے تایا محمد یوسف اعوان مرحوم کے انتقال پر اظہار تعزیت اور فاتحہ خوانی بھی کی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






