عوام کیلئے ریلیف یا نئے ٹیکس؟ بجٹ تیاریوں میں اہم پیش رفت

مظفرآباد ( پی آئی ڈی) 19 مئی 2026
وزیر خزانہ و انلینڈ ریونیو آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر چوہدری قاسم مجید کی سربراہی میں آئندہ مالی سال کے بجٹ کی تیاریوں کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں وزیر مواصلات سردار ضیاء القمر، سیکرٹریز حکومت، محکمہ مالیات اور پلاننگ و ڈویلپمنٹ کے افسران سمیت دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں ترقیاتی منصوبوں، عوامی فلاح و بہبود، بنیادی سہولیات کی فراہمی اور مختلف شعبہ جات کے لیے مالی وسائل کی ترجیحات پر تفصیلی غور کیا گیا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ و انلینڈ ریونیو چوہدری قاسم مجید نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی عوامی حکومت عوام دوست بجٹ پیش کرے گی جس میں عام آدمی کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ حکومت کی کوشش ہے کہ بجٹ میں صحت، تعلیم، انفراسٹرکچر، پینے کے صاف پانی اور نوجوانوں کے روزگار جیسے شعبوں کو ترجیح دی جائے تاکہ عوام کو حقیقی معنوں میں سہولیات میسر آ سکیں۔
چوہدری قاسم مجید نے کہا کہ موجودہ حکومت عوامی مسائل کے حل پر یقین رکھتی ہے اور بجٹ میں ایسے اقدامات شامل کیے جائیں گے جن سے نہ صرف ترقیاتی عمل کو تیز کیا جا سکے بلکہ عام شہری کے معیارِ زندگی میں بھی بہتری آئے۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ مالی نظم و ضبط کو برقرار رکھتے ہوئے عوامی فلاح کے منصوبوں کے لیے زیادہ وسائل مختص کیے جائیں گے۔وزیر خزانہ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت ایک متوازن، ترقی پسند اور عوام دوست بجٹ پیش کرے گی جو آزاد جموں و کشمیر کے عوام کی توقعات پر پورا اترے گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close