مظفرآباد
بینظیر انکم سپورٹس پروگرام بینفشریز کی بہتری کے لیئے سماجی اور رویہ جاتی تبدیلی (SBC) حکمتِ عملی 2026-28 پر ٹیکنیکل ورکنگ گروپ کا قبل از توثیق اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں متعلقہ سرکاری اداروں، ترقیاتی شراکت داروں، سول سوسائٹی اور تعلیمی ماہرین نے شرکت کی۔اجلاس میں حکومت آزاد جموں و کشمیر کے محکمہ صحت، محکمہ تعلیم، محکمہ سماجی بہبود اور پیشہ ورانہ تربیت کے نمائندوں کے علاوہ بین الاقوامی ترقیاتی شراکت دار اداروں بشمول یونیسیف، ورلڈ فوڈ پروگرام، نادرا، اے ڈی بی اور ورلڈبنک کے نمائندگان نے بھی شرکت کی۔اجلاس کا مقصد سماجی اور رویہ جاتی تبدیلی (SBC) حکمتِ عملی کے مجوزہ فریم ورک کا تفصیلی جائزہ لینا اور اس کی مؤثر عملدرآمد حکمت عملی کو حتمی شکل دینے کے لیے تکنیکی و پالیسی سطح پر مشاورت کو آگے بڑھانا تھا۔ شرکاء نے مستحق خاندانوں خصوصاً خواتین کو درپیش سماجی، معاشی اور معلوماتی چیلنجز پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ اجلاس میں اس امر پر اتفاق کیا گیا کہ آزاد کشمیر کے جغرافیائی حالات، دور دراز پہاڑی علاقوں اور لائن آف کنٹرول سے ملحقہ علاقوں کے باعث معلومات کی ترسیل اور خدمات تک رسائی ایک بڑا چیلنج ہے، جس کے لیے مقامی سطح پر مربوط، مؤثر اور کمیونٹی بیسڈ مواصلاتی حکمت عملی ناگزیر ہے۔ماہرین نے غلط معلومات، فیک نیوز اور مالی استحصال کو مستحق خاندانوں کے لیے ایک سنگین خطرہ قرار دیتے ہوئے اس کے تدارک کے لیے مربوط ادارہ جاتی اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔ڈائریکٹر جنرل بی آئی ایس پی آزاد کشمیر ڈاکٹر عبدالعزیز قریشی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے تمام شرکاء، تکنیکی ماہرین اور ترقیاتی شراکت داروں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ان کی قیمتی آراء نے اس مشاورتی عمل کو مزید مضبوط اور مؤثر بنایا ہے۔ سماجی تحفظ کا تصور اب صرف مالی معاونت تک محدود نہیں رہا بلکہ اس میں شعور، اعتماد، مثبت سماجی رویوں اور مستند معلومات تک رسائی بنیادی اہمیت اختیار کر چکی ہے۔انہوں نے آزاد کشمیر کے جغرافیائی اور سماجی حالات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ تقریباً نصف آبادی لائن آف کنٹرول کے قریب جبکہ 70 فیصد سے زائد آبادی دور دراز دیہی اور پہاڑی علاقوں میں آباد ہے، جہاں معلومات اور خدمات کی بروقت فراہمی ایک مستقل چیلنج ہے۔ڈاکٹر عبدالعزیز قریشی نے اس بات پر زور دیا کہ مؤثر سماجی تبدیلی کے لیے روایتی ذرائع ابلاغ کے ساتھ ساتھ مقامی ثقافت، سماجی اقدار اور کمیونٹی ڈھانچے کو مدنظر رکھتے ہوئے مربوط حکمت عملی اپنانا ضروری ہے۔انہوں نے اساتذہ، مذہبی رہنماؤں، لیڈی ہیلتھ ورکرز، نوجوان رضاکاروں، مقامی عمائدین اور سول سوسائٹی کے کردار کو سماجی شعور اور اعتماد کے فروغ میں کلیدی قرار دیا۔ سماجی اور رویہ جاتی تبدیلی (SBC) حکمتِ عملی کا بنیادی مقصد مستحق خاندانوں کو نہ صرف مالی معاونت فراہم کرنا ہے بلکہ انہیں صحت، تعلیم، غذائیت، اور سماجی تحفظ کے پروگراموں سے مؤثر طور پر جوڑنا بھی ہ۔ورکشاپ کے اختتام پر تمام شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ سماجی اور رویہ جاتی تبدیلی (SBC) حکمتِ عملی 2026–2028 کے مؤثر نفاذ کے لیے ادارہ جاتی تعاون کو مزید مضبوط بنایا جائے گا تاکہ آزاد کشمیر میں سماجی تحفظ کے نظام کو پائیدار، شفاف اور مؤثر بنایا جا سکے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






