کھوئی رٹہ (پی آئی ڈی)
وزیر اطلاعات، اوقاف و مذہبی امور آزاد کشمیر چوہدری محمد رفیق نئیر نے کھوئی رٹہ میں پاکستان پیپلز پارٹی کے نئے پیپلز سیکریٹریٹ کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔ افتتاحی تقریب میں پارٹی کارکنان، مقامی رہنماؤں، سیاسی و سماجی شخصیات اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
وزیر اطلاعات چوہدری محمد رفیق نئیر نے فیتہ کاٹ کر پیپلز سیکریٹریٹ کا افتتاح کیا جبکہ اس موقع پر کارکنان نے پارٹی قیادت کے حق میں نعرے بازی کرتے ہوئے بھرپور جوش و خروش کا اظہار کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اطلاعات نے کہا کہ پیپلز سیکریٹریٹ کے قیام سے علاقے میں پارٹی سرگرمیوں کو مزید فروغ ملے گا اور کارکنان کو ایک فعال پلیٹ فارم میسر آئے گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ایک عوامی جماعت ہے جس نے ہمیشہ عوامی حقوق، جمہوریت اور اداروں کے استحکام کے لیے جدوجہد کی۔ پارٹی کارکنان اس کا قیمتی سرمایہ ہیں اور ان کی قربانیوں اور محنت کی بدولت آج جماعت مضبوط بنیادوں پر کھڑی ہے۔
چوہدری محمد رفیق نئیر نے کہا کہ حکومت آزاد کشمیر عوامی فلاح و بہبود، تعمیر و ترقی اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کھوئی رٹہ سمیت تمام علاقوں میں ترقیاتی منصوبوں کا جال بچھایا جا رہا ہے تاکہ عوام کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
انہوں نے کارکنان پر زور دیا کہ وہ پارٹی پیغام کو گھر گھر پہنچائیں اور عوامی خدمت کے جذبے کے تحت اپنی ذمہ داریاں ادا کریں۔ تقریب کے دوران مقررین نے پارٹی قیادت اور وزیر اطلاعات کی سیاسی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے پیپلز سیکریٹریٹ کے قیام کو خوش آئند قرار دیا۔
افتتاحی تقریب کے اختتام پر ملکی سلامتی، استحکام، مسئلہ کشمیر کے حل اور شہدائے پاکستان کے درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






