اوورسیز کشمیریوں کو متحرک ہونے کی اپیل

اسلام آباد ( پی آئی ڈی ) 12 مئی 2026
وفاقی وزیر / چیئرمین کشمیر کمیٹی رانا محمد قاسم نون سے برطانیہ کے شہر برمنگھم کے لارڈ میئر کونسلر ظفر اقبال نے وفد کے ہمراہ ان کے چیمبر میں ملاقات کی ، ملاقات کے لیے آئے وفد میں پرویز اختر، زین پرویز اور بلوِندر سنگھ شامل تھے ،اس موقع پر ممبر قومی اسمبلی چوہدری نصیر عباس سدھو، ممبر قومی اسمبلی و چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے دفاع سردار فتح اللہ خان میاں خیل اور ممبر قومی اسمبلی چوہدری فرخ الطاف بھی موجود تھے۔ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، مسئلہ کشمیر کو عالمی منظر نامے پر اجاگر کرنے کے لیے اوورسیز کشمیری اور اوورسیز پاکستانیوں کے فعال کردار سمیت مقبوضہ جموں و کشمیر کی موجودہ ابتر صورتحال پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ فریقین نے مسئلہ کشمیر کو بین الاقوامی سطح پر مزید مؤثر انداز میں اجاگر کرنے کے لیے کردار نبھانے کے عزم کا اعادہ بھی کیا ، وفاقی وزیر / چیئرمین کشمیر کمیٹی رانا محمد قاسم نون نے وفد کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں، بھارتی مظالم اور خطے کے امن و امان کو درپیش خطرات بارے بھی آگاہ کیا۔ وفاقی وزیر / چیئرمین کشمیر کمیٹی رانا محمد قاسم نون نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خطہ کے دیر پا امن کے لیے مسئلہ کشمیر کا اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ناگزیر ہے ، اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے حل کے حوالے سے پاکستان کا اصولی اور دوٹوک مؤقف واضح ہے ، پاکستان کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔دنیا کو مقبوضہ جموں و کشمیر کی ابتر صورتحال بارے آگاہ رکھنے کے لیے اوورسیز کشمیری اور اوورسیز پاکستانی کردار ادا کریں ، انھوں نے کہا کہ خطے کی مجموعی سلامتی ، کشمیریوں کے حق خودارادیت کے لیے پاکستان کی کاوشیں اور قربانیاں قابل ستائش ہیں ، پاکستان خطے کے پائیدار امن اور مسئلہ کشمیر کے دیر پا حل کے لیے کردار ادا کرتا رہے گا ، عالمی برداری مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے کردار ادا کرے ، وفد نے وفاقی وزیر / چیرمین کشمیر کمیٹی رانا محمد قاسم نون کی مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے اور کشمیری عوام کی آواز مؤثر انداز میں دنیا تک پہنچانے کی کاوشوں کو سراہا۔ مزید برآں وفد نے اس عزم کا اظہار کیا کہ برطانیہ میں مقیم اوورسیز پاکستانی و کشمیری کمیونٹی مسئلہ کشمیر کو عالمی فورمز پر اجاگر کرنے میں اپنا مؤثر کردار جاری رکھے گی۔ملاقات کے اختتام پر مرحوم راجہ وسیم ظفر، کونسلر، کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی اور خصوصی دعا بھی کی گئی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close