ہفتے میں کتنے دن تعلیمی ادارے کھلیں گے؟ نوٹیفکیشن جاری

سندھ بھر کے اسکولوں کے اوقات کار میں ایک گھنٹے کمی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے، جس کے تحت ہفتے میں پانچ روز تعلیمی سرگرمیاں جاری رہیں گی۔
محکمہ اسکول ایجوکیشن سندھ نے وزیر تعلیم سید سردار علی شاہ کی ہدایت پر سرکلر جاری کیا۔ نئے اوقات کار فوری طور پر نافذ العمل ہوں گے اور آئندہ احکامات تک جاری رہیں گے۔ محکمہ کے مطابق سابقہ سرکلر کی دیگر تمام شرائط اور ہدایات بدستور نافذ رہیں گی۔
محکمہ تعلیم کے ترجمان عاطف وگھیو نے تمام سربراہانِ تعلیمی اداروں اور فیلڈ افسران کو نئے اوقات پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔
اس سے قبل سوشل میڈیا پر اوقات کار سے متعلق وائرل دستاویز کو وزیر تعلیم نے جعلی اور گمراہ کن قرار دیا تھا۔ سردار علی شاہ نے کہا تھا کہ اسکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ جلد باضابطہ شیڈول جاری کرے گا اور عوام صرف سرکاری اعلانات پر بھروسہ کریں۔
واضح رہے کہ وزیر تعلیم نے گزشتہ روز طالبات کی شکایت پر اسکولوں کے اوقات میں ایک گھنٹے کی کمی کا اعلان کیا تھا۔