طالبعلموں کیلئے اہم خبر ، سکولوں میں 100 نمبروں کا نیا مضمون متعارف کرانے کا فیصلہ

پنجاب کے سکولوں میں طلبہ کے لیے گلوبل سٹیزن شپ کا 100 نمبروں پر مشتمل الگ مضمون متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ مجوزہ مضمون کو آئندہ تعلیمی سال سے یونیسف کے تعاون سے نصاب کا حصہ بنانے کی تجویز زیر غور ہے۔

ذرائع کے مطابق گلوبل سٹیزن شپ کے مضمون کے ذریعے طلبہ کو عالمی شہریت، بین الاقوامی سطح پر ان کے حقوق و فرائض اور ایک ذمہ دار شہری کے کردار سے متعلق آگاہی فراہم کی جائے گی۔ یہ مضمون چوتھی سے آٹھویں جماعت تک کے طلبہ کے لیے متعارف کرائے جانے کا امکان ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پنجاب ایگزامینیشن کمیشن نے مضمون کے اجرا کے حوالے سے یونیسف کے ساتھ مشاورت کا عمل شروع کر دیا ہے۔ مضمون سے متعلق درسی کتب اور دیگر تعلیمی مواد کی تیاری اور چھپائی کے اخراجات بھی یونیسف کی جانب سے فراہم کیے جانے کا امکان ہے۔

محکمہ تعلیم کے مطابق گلوبل سٹیزن شپ کی تعلیم سے طلبہ کی عالمی امور سے متعلق معلومات میں اضافہ ہوگا اور انہیں بین الاقوامی سطح پر اپنی ذمہ داریوں اور کردار کو سمجھنے میں مدد ملے گی۔ اس مضمون کے ذریعے طلبہ کو عالمی شہری کی حیثیت سے درپیش تقاضوں اور ذمہ داریوں سے بہتر طور پر آگاہ کیا جا سکے گا۔