مسلسل تھکن اور حافظے کی کمزوری کی بڑی وجہ سامنے آ گئی

طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ مسلسل جسمانی تھکن اور چیزیں بھولنے کی عادت کو اکثر لوگ کام کے دباؤ یا نیند کی کمی سمجھ لیتے ہیں، جبکہ اس کی بڑی وجہ جسم میں وٹامن بی 9 یعنی فولیٹ کی کمی بھی ہو سکتی ہے۔

 

رپورٹ کے مطابق فولیٹ خون کے سرخ خلیات بنانے کے لیے بہت ضروری ہے۔ اس کی کمی سے خون کی کمی ہو جاتی ہے جس سے جسم کے مختلف اعضا تک آکسیجن کی ترسیل متاثر ہوتی ہے اور انسان ہر وقت تھکا تھکا محسوس کرتا ہے۔

 

ماہرین نے بتایا کہ فولیٹ دماغی اعصاب اور نیورو ٹرانسمیٹرز کو فعال رکھتا ہے۔ اس کی کمی سے یادداشت کمزور ہو جاتی ہے، توجہ مرکوز کرنے میں مشکل پیش آتی ہے اور مزاج میں چڑچڑاپن یا سستی پیدا ہو سکتی ہے۔

 

پٹھوں کی کمزوری، سر چکرانا، جلد کی رنگت کا پیلا پڑ جانا اور زبان میں سوجن یا چھالے پڑنا بھی فولیٹ کی کمی کی عام علامات میں شامل ہیں۔

 

ڈاکٹروں کے مطابق فولیٹ کی کمی پوری کرنے کے لیے روزمرہ خوراک میں سبز پتوں والی سبزیاں جیسے پالک اور بروکلی، دالیں، مٹر، انڈے اور گری دار میوے شامل کرنا مفید ہے۔