کم عمری میں بال سفید ہونے کی بڑی وجہ سامنے آ گئی

کم عمر میں بال سفید ہونے کی بڑی وجہ سامنے آ گئی ہے جبکہ چند احتیاطی تدابیر اپنا کر اس سے بچا بھی جا سکتا ہے۔

 

اطالوی ڈرمیٹولوجی آن لائن جرنل میں شائع تحقیق کے مطابق تمباکو نوشی نہ کرنے والوں کے مقابلے میں سگریٹ پینے والوں میں 30 سال کی عمر سے پہلے بال سفید ہونے کا امکان 2.5 گنا زیادہ ہوتا ہے۔

 

بالوں کا کلر اور شیمپو بھی ایک وجہ بن سکتے ہیں۔ ہیئر ڈائی، شیمپو اور بال رنگنے والی مصنوعات میں موجود نقصان دہ مادے میلانین کو کم کر دیتے ہیں۔ اس کے علاوہ زیادہ تر ہیئر کلرز میں موجود ہائیڈروجن پیرو آکسائیڈ بھی بالوں کے وقت سے پہلے سفید ہونے کی وجہ ہو سکتی ہے۔

 

تناؤ بھی بالوں کے جلد سفید ہونے کی بڑی وجہ ہے۔ نیچر میڈیسن میں شائع نیویارک یونیورسٹی کی تحقیق کے مطابق جب جسم تناؤ کا شکار ہوتا ہے تو بالوں کی رنگت کے لیے ذمہ دار خلیے ختم ہو جاتے ہیں، اس لیے تناؤ سے بچنا بہتر ہے۔

 

کچھ میڈیکل کنڈیشنز بھی اس کی وجہ بن سکتی ہیں۔ 2008 کی ایک تحقیق میں بالوں کی غیر معمولیات اور تھائی رائیڈ کی خرابی کے درمیان تعلق دیکھا گیا تھا۔ اس کے ساتھ ایلوپیشیا ایریٹا یعنی بال خورا بھی بالوں کے جلدی سفید ہونے کا سبب بن سکتا ہے۔

 

جسم میں وٹامن بی-6، بی-12، بائیوٹن، وٹامن ڈی یا وٹامن ای میں سے کسی کی کمی بھی بالوں کے قبل از وقت سفید ہونے کی ایک وجہ ہے۔