لاہور( آئی این پی) اگست کے اختتام پر آسمان پر شاندار فلکیاتی منظر کی پیشگوئی کی گئی ہے، 27 اور 28 اگست کی درمیانی شب جزوی چاند گرہن ہوگا، اس دوران چاند کا بڑا حصہ سرخی مائل نارنجی رنگ اختیار کرلے گا جس کے باعث یہ منظر خونیں چاند جیسا دکھائی دے گا۔
ماہرین فلکیات کے مطابق چاند کی سطح کا تقریباً 96 فیصد حصہ زمین کے سائے سے گزرے گا۔ اگرچہ یہ مکمل چاند گرہن نہیں ہوگا تاہم چاند کے بڑے حصے کے زمین کے سائے میں آنے کی وجہ سے منظر کافی نمایاں ہوگا۔
جزوی چاند گرہن 28 اگست کو تقریباً 4 بج کر 13 منٹ عالمی وقت کے مطابق اپنے عروج پر ہوگا، اس وقت چاند کا تقریباً 96 فیصد حصہ زمین کے سائے میں ہوگا۔
شمالی امریکہ کے مختلف علاقوں میں چاند گرہن اپنے عروج پر مقامی وقت کے مطابق مختلف اوقات میں ہوگا۔ نیویارک اور ٹورنٹو میں یہ 28 اگست کی رات 12 بج کر 12 منٹ، شکاگو، ہیوسٹن اور ونی پیگ میں 27 اگست کی رات 11 بج کر 12 منٹ، ڈینور اور کیلگری میں رات 10 بج کر 12 منٹ جبکہ لاس اینجلس میں رات 9 بج کر 12 منٹ پر عروج پر ہوگا۔






