چین کی ایک بیکری میں انسان نما روبوٹ کی جانب سے ہاتھ سے آٹا گوندھنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوگئی، جس نے صارفین کی توجہ حاصل کرلی۔
وائرل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ہیومنائیڈ روبوٹ انتہائی تیزی اور مہارت کے ساتھ آٹا گوندھ رہا ہے۔ روبوٹ کی یہ صلاحیت اس لیے بھی حیران کن قرار دی جارہی ہے کہ آٹا گوندھنے جیسے کام میں ہاتھوں کی مسلسل اور نسبتاً باریک حرکات درکار ہوتی ہیں۔
سوشل میڈیا صارفین نے روبوٹ کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے اسے بیکری کے کام کو آسان بنانے کی جانب ایک دلچسپ قدم قرار دیا۔ چین میں ہیومنائیڈ روبوٹس کی عملی صلاحیتوں پر تیزی سے کام جاری ہے اور انہیں کھانا پکانے سمیت مختلف انسانی کام انجام دیتے ہوئے بھی دکھایا جا رہا ہے۔
ماہرین کے مطابق ہیومنائیڈ روبوٹس اب صرف نمائش یا کھیلوں تک محدود نہیں رہے بلکہ انہیں حقیقی دنیا کے مختلف کاموں میں استعمال کرنے کی کوششیں تیزی سے بڑھ رہی ہیں۔






