لارڈز ٹیسٹ کیلئے پاکستان ٹیم میں بڑی تبدیلیوں کا امکان

لندن (آئی این پی) انگلینڈ کے خلاف لارڈز ٹیسٹ کیلئے پاکستان کی پلیئنگ الیون میں اہم تبدیلیوں کا امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق سیریز کا دوسرا ٹیسٹ 27 اگست سے لارڈز میں شروع ہوگا، جہاں لندن پہنچنے کے بعد پچ اور موسمی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے حتمی پلیئنگ الیون کا فیصلہ کیا جائے گا۔

لیڈز ٹیسٹ میں اننگز اور 101 رنز سے شکست کے بعد ٹیم مینجمنٹ نے پلیئنگ الیون میں تبدیلیوں پر غور شروع کردیا ہے۔ وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کو آرام دیے جانے کا امکان بھی ظاہر کیا جارہا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ انگلی کی انجری کے باعث پہلا ٹیسٹ نہ کھیلنے والے بابر اعظم کی واپسی متوقع ہے۔ بابر اعظم کی واپسی کی صورت میں اذان اویس کو ٹیم سے باہر کیے جانے کا امکان ہے۔

لندن کی نسبتاً خشک کنڈیشنز کے باعث پاکستان ٹیم لارڈز ٹیسٹ میں دو اسپنرز کے ساتھ میدان میں اتر سکتی ہے، جبکہ فاسٹ بولر عبید شاہ کو بھی ٹیم میں شامل کیے جانے کا امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق لارڈز کی کنڈیشنز مختلف اور نسبتاً خشک ہیں، جبکہ ٹیسٹ کیلئے فلیٹ پچ متوقع ہے۔