آسٹریلیا کی فلینڈرز یونیورسٹی کے سائنسدانوں نے ایسی نئی بیٹری تیار کرنے کا دعویٰ کیا ہے جو صرف 3 منٹ میں مکمل چارج ہوسکتی ہے اور اسے تقریباً 60 ہزار مرتبہ مکمل چارج کیا جاسکتا ہے۔
محققین کے مطابق نئی بیٹری میں روایتی لیتھیم آئن ٹیکنالوجی کے بجائے زنک آیوڈین ٹیکنالوجی استعمال کی گئی ہے، جبکہ اس میں کم لاگت والے سائیکلوڈیکٹرن پر مبنی پولیمر شامل کیا گیا ہے۔
سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ نئی ٹیکنالوجی روایتی بیٹریوں کے مقابلے میں زیادہ پائیدار ہونے کے ساتھ ساتھ آگ لگنے کے خطرے کو بھی کم کرسکتی ہے۔
موجودہ اسمارٹ فونز میں استعمال ہونے والی لیتھیم آئن بیٹریاں وقت کے ساتھ چارجنگ سائیکل مکمل ہونے پر اپنی صلاحیت کھونے لگتی ہیں، جبکہ نئی بیٹری کو 60 ہزار مرتبہ چارج کیا جاسکتا ہے۔
محققین کے مطابق اگر روزانہ ایک مکمل چارج سائیکل فرض کیا جائے تو 60 ہزار سائیکل نظری طور پر تقریباً 164 سال بنتے ہیں، تاہم اس کا مطلب یہ نہیں کہ عملی طور پر فون کی پوری بیٹری اتنے عرصے تک اسی کارکردگی کے ساتھ چلے گی۔
فلینڈرز یونیورسٹی کے ماہرین نے واضح کیا ہے کہ یہ بیٹری فی الحال اسمارٹ فونز کے لیے دستیاب نہیں اور اسے عملی استعمال سے پہلے مزید تحقیق اور بہتری کے مراحل سے گزرنا ہوگا۔






