لاہور: پاکستانی اداکار و میزبان عمران اشرف نے سوشل میڈیا پر اپنے انتقال سے متعلق گردش کرنے والی جعلی خبر کی تردید کرتے ہوئے مداحوں کو اپنی خیریت سے آگاہ کردیا۔
سوشل میڈیا پر مصنوعی ذہانت (اے آئی) ٹیکنالوجی سے تیار کردہ ایک ویڈیو تیزی سے وائرل ہوئی، جس میں عمران اشرف کے انتقال کی جھوٹی خبر نشر کی گئی تھی۔ ویڈیو سامنے آنے کے بعد اداکار کے مداحوں میں تشویش پھیل گئی۔
عمران اشرف نے انسٹاگرام پر جاری وضاحت میں کہا کہ الحمدللہ وہ بالکل خیریت سے ہیں اور سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ان کے انتقال کی خبر جعلی ہے۔ انہوں نے مداحوں سے دعاؤں کی درخواست بھی کی۔
وائرل ویڈیو ایک ٹک ٹاک اکاؤنٹ پر شیئر کی گئی تھی، جہاں اسی نوعیت کی دیگر مصنوعی ویڈیوز بھی موجود ہیں۔ ان ویڈیوز میں مختلف معروف صحافیوں، کرکٹرز اور اداکاروں کو عمران اشرف کے انتقال پر تعزیت کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔
اے آئی سے تیار کردہ جعلی مواد کے ذریعے معروف شخصیات سے متعلق غلط معلومات پھیلانے کے اس واقعے نے ایک بار پھر سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی خبروں کی تصدیق کی اہمیت اجاگر کردی ہے۔






