5 سالہ بچی نے سونے کا بار نگل لیا

بیجنگ (آئی این پی) چین کے شمالی علاقے میں ایک 5 سالہ بچی نے کھیلتے ہوئے غلطی سے 50 گرام وزنی سونے کا بار نگل لیا، جس کے بعد اسے فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔

بیجنگ چلڈرنز اسپتال کے مطابق بچی نے تقریباً 4 سینٹی میٹر لمبا سونے کا بار نگلا تھا۔ ایکسرے میں بار کے معدے میں موجود ہونے کی تصدیق ہوئی۔

ڈاکٹروں کے مطابق سونے کا بار سخت، وزنی اور ہموار سطح کا حامل تھا، جس سے نظامِ ہاضمہ میں پھنسنے، معدے کی اندرونی جھلی کو نقصان پہنچنے، حتیٰ کہ معدے میں سوراخ اور شدید خون بہنے کا خدشہ تھا۔

طبی ٹیم نے اینڈوسکوپی اور اسنیر کی مدد سے انتہائی احتیاط کے ساتھ سونے کا بار پکڑا اور چند ہی منٹ میں اسے بحفاظت مکمل حالت میں معدے سے نکال لیا۔

اسپتال انتظامیہ کے مطابق بچی کی حالت اب بہتر ہے اور اس کی تمام اہم جسمانی علامات مستحکم ہیں۔