لاہور میں تعلیمی ادارے کھلنے سے قبل سکول وینز، بسوں اور کوسٹرز کی خصوصی چیکنگ کا فیصلہ کرلیا گیا، جبکہ غیر محفوظ گاڑیوں کے خلاف فوری کارروائی کی سفارش کی گئی ہے۔
چیف ٹریفک آفیسر لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے بچوں کی حفاظت کے پیش نظر سکول ٹرانسپورٹ کی جانچ پڑتال کے لیے سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کو مراسلہ ارسال کردیا۔
مراسلے میں سکول وینز، بسوں اور کوسٹرز کے فٹنس سرٹیفکیٹس اور روٹ پرمٹس کی جانچ کے ساتھ گاڑیوں کے فیول سسٹم، ایل پی جی سلنڈرز اور الیکٹرک وائرنگ کی مکمل انسپکشن کی ہدایت کی گئی ہے۔
غیر قانونی یا غیر معیاری ایل پی جی سلنڈرز استعمال کرنے والی سکول گاڑیوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔ محکمہ ٹرانسپورٹ، موٹر وہیکل ایگزامینرز اور ٹریفک پولیس پر مشتمل مشترکہ ٹیمیں بنانے کی بھی تجویز دی گئی ہے۔
سی ٹی او لاہور نے واضح کیا کہ بچوں کی جان سے بڑھ کر کچھ نہیں، غیر محفوظ گاڑیوں کو سکول پک اینڈ ڈراپ سروس کے لیے استعمال نہیں ہونے دیا جائے گا۔






