یوکرین نے روس کے مقبول بچوں کے کارٹون ’’ماشا اینڈ دی بیئر‘‘ کے پروڈیوسرز اور تقسیم کاروں پر پابندیاں عائد کردی ہیں۔
یوکرینی حکام کا کہنا ہے کہ یہ کارٹون روس کے حق میں بیانیہ پھیلانے کا ذریعہ بن رہا ہے اور اس کے ذریعے یوکرین کی قومی سلامتی کو خطرہ لاحق ہوسکتا ہے۔
رپورٹس کے مطابق یوکرین کی وزیرِ ثقافت تاتیانا بریژنا نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بتایا کہ حکومت نے کارٹون تیار کرنے والوں اور اسے تقسیم کرنے والوں کے خلاف پابندیاں عائد کی ہیں۔
ان کے مطابق اس اقدام کے تحت یوکرین میں کارٹون کے مواد کو روکنے اور عالمی پلیٹ فارمز پر اس کی آمدنی اور تقسیم محدود کرنے کے لیے قانونی کارروائی کی جاسکتی ہے۔
یوکرینی صدر وولودیمیر زیلنسکی نے جمعرات کو اس حوالے سے حکم نامے پر دستخط کیے، جس کے تحت کارٹون بنانے والا اسٹوڈیو اینیماکارڈ سمیت سیریز سے وابستہ دیگر افراد اور ادارے بھی پابندیوں کی زد میں آگئے ہیں۔
’’ماشا اینڈ دی بیئر‘‘ دنیا بھر میں انتہائی مقبول بچوں کا کارٹون ہے، جس میں ماشا نامی ایک شرارتی بچی اور اس کے دوست ریٹائرڈ سرکس ریچھ کی کہانی دکھائی جاتی ہے۔
کارٹون کی مقبولیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ صرف اس کے یوٹیوب چینل پر ویڈیوز کو 37 ارب سے زیادہ مرتبہ دیکھا جاچکا ہے۔ بعض اقساط کو چار ارب سے زیادہ مرتبہ بھی دیکھا گیا ہے، جبکہ یہ کارٹون دنیا کے تقریباً 100 ممالک میں نشر ہوتا ہے۔
تاہم یوکرین اور اس کے بعض اتحادی ممالک، جن میں برطانیہ اور ایسٹونیا بھی شامل ہیں، اس کارٹون پر تنقید کرتے رہے ہیں۔
ان کا مؤقف ہے کہ یہ کارٹون روس کا مثبت تاثر پیش کرتا ہے اور روس کے ثقافتی اثر و رسوخ کو بڑھانے کے لیے نرم طاقت کے ایک ذریعے کے طور پر استعمال ہوسکتا ہے۔






