واشنگٹن (آئی این پی) امریکی ایئرلائنز کی پرواز میں لینڈنگ سے کچھ دیر قبل ایک مسافر کے لیپ ٹاپ میں اچانک آگ بھڑکنے سے طیارے میں دھواں پھیل گیا، جبکہ متعدد مسافر جھلس گئے۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق امریکی ایئرلائنز کی پرواز 2398 اٹلانٹا سے ڈلاس فورٹ ورتھ جارہی تھی اور اس میں 133 افراد سوار تھے۔ لینڈنگ کے مرحلے میں طیارے کے پچھلے حصے میں موجود ایک لیپ ٹاپ میں اچانک آگ لگ گئی۔
پائلٹ نے ایئر ٹریفک کنٹرول کو واقعے سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ عملہ آگ بجھانے کی کوشش کر رہا ہے۔ پائلٹ کے مطابق لیپ ٹاپ سے نکلنے والی آگ کے باعث 4 سے 5 مسافروں کے ہاتھ جھلس گئے۔
فلائٹ اٹینڈنٹس نے تھرمل کنٹینمنٹ بیگ کی مدد سے آگ پر قابو پالیا، جس کے بعد طیارے نے ڈلاس فورٹ ورتھ انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر بحفاظت لینڈنگ کی۔
ایئرپورٹ حکام کے مطابق ایک مسافر کو طبی امداد فراہم کی گئی تاہم اسے اسپتال منتقل کرنے کی ضرورت پیش نہیں آئی۔ واقعے کی تحقیقات وفاقی ادارہ ہوا بازی (ایف اے اے) کی جانب سے کی جارہی ہیں۔
حکام کے مطابق لیپ ٹاپ اور دیگر برقی آلات میں استعمال ہونے والی لیتھیم آئن بیٹریاں زیادہ گرم ہونے کی صورت میں خطرناک ثابت ہوسکتی ہیں، جبکہ بیٹری کے اندر اچانک آگ بھڑکنے کے عمل کو ’’تھرمل رن اوے‘‘ کہا جاتا ہے۔






