اسلام آباد (آئی این پی) ملک میں آٹے کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ ہوگیا، ایک ہفتے کے دوران 20 کلو آٹے کا تھیلا 100 روپے تک مہنگا ہوگیا۔
ادارہ شماریات کے مطابق اسلام آباد میں 20 کلو آٹے کا تھیلا 3133 روپے 33 پیسے تک پہنچ گیا، جس کے بعد وفاقی دارالحکومت میں شہری ملک کا مہنگا ترین آٹا خریدنے پر مجبور ہیں، جبکہ راولپنڈی میں یہی تھیلا 3093 روپے 33 پیسے تک میں فروخت ہورہا ہے۔
رپورٹ کے مطابق خضدار میں ایک ہفتے کے دوران 20 کلو آٹے کا تھیلا 100 روپے، بہاولپور میں 60 روپے، حیدرآباد میں 40 روپے جبکہ لاڑکانہ اور کوئٹہ میں 20، 20 روپے مہنگا ہوا۔
ملک کے مختلف شہروں میں 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت پشاور میں 3100 روپے، بنوں میں 2900، کراچی میں 3000، کوئٹہ میں 2700، حیدرآباد میں 2880، لاڑکانہ میں 2620 اور سکھر میں 2580 روپے تک پہنچ گئی۔
ادارہ شماریات کے مطابق گوجرانوالہ، سیالکوٹ، سرگودھا، ملتان اور بہاولپور میں 20 کلو آٹے کا تھیلا 2800 روپے، جبکہ لاہور میں 2300 روپے تک میں فروخت ہورہا ہے۔
مہنگائی کے بڑھتے دباؤ کے باعث آٹے کی قیمت میں حالیہ اضافہ شہریوں کے لیے مزید مشکلات کا باعث بن گیا ہے۔






