*کراچی: اسکول وینز میں CNG اور LPG کے استعمال پر مکمل پابندی*
بورڈ آف سیکنڈری ایجوکیشن کراچی نے اسکول وینز میں سی این جی اور ایل پی جی کے استعمال پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔
بورڈ سیکریٹری ڈاکٹر نوید احمد کی جانب سے 6 اگست 2026 کو جاری نوٹیفکیشن میں تمام الحاق شدہ تعلیمی اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ طلبہ کی پک اینڈ ڈراپ کے لیے استعمال ہونے والی گاڑیوں میں CNG اور LPG کے استعمال کو ہر صورت بند کروائیں۔
نوٹیفکیشن کے مطابق خلاف ورزی کرنے والی گاڑیوں کو اسکول ٹرانسپورٹ کے طور پر چلنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ ایسی گاڑیوں کے خلاف جرمانہ اور ضبطی کی کارروائی بھی کی جائے گی۔
بورڈ نے اسکول انتظامیہ کو پابند کیا ہے کہ وہ ٹرانسپورٹرز کو اس پابندی پر عملدرآمد کا یقینی بنائیں۔ یہ پابندی تعطیلات کے دوران بھی نافذ رہے گی۔
اس کے ساتھ ساتھ تعلیمی اداروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ طلبہ کی ٹرانسپورٹ گاڑیوں کا باقاعدہ معائنہ کریں اور والدین، طلبہ و ٹرانسپورٹرز میں CNG اور LPG کے خطرات سے متعلق آگاہی مہم چلائیں۔
بورڈ کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد طلبہ کے لیے محفوظ سفری سہولت فراہم کرنا اور اسکول ٹرانسپورٹ میں خطرناک ایندھن کے استعمال کو روکنا ہے۔






