میٹا اور پاکستان کا چھوٹے کاروباروں کے لیے اے آئی تربیتی پروگرام شروع

پاکستان اور میٹا نے چھوٹے کاروباری اداروں کی ڈیجیٹل توسیع کے لیے مشترکہ طور پر اے آئی تربیتی پروگرام کا آغاز کر دیا ہے۔

پاکستان میں ڈیجیٹل ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت کے فروغ سے کاروباری ترقی اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہو رہے ہیں۔ اسی مقصد کے تحت وزارتِ آئی ٹی اور میٹا نے چھوٹے کاروباروں کو جدید دور سے ہم آہنگ کرنے کے لیے یہ پروگرام شروع کیا ہے۔

اس پروگرام کے تحت “اسمال بزنس گروتھ اکیڈمی” کے ذریعے ملک کے 9 شہروں میں ایک ہزار سے زائد کاروباری افراد کو اے آئی اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کی تربیت دی جائے گی۔ تربیت کا خصوصی فوکس خواتین کی قیادت میں چلنے والے کاروباروں، ٹیکسٹائل، دستکاری اور آئی ٹی سروسز کے شعبوں پر ہو گا۔

کاروباری افراد کو اس پروگرام میں آن لائن صارفین تک رسائی، بہتر مارکیٹنگ اور کسٹمر سروسز کے لیے اے آئی ٹولز کا استعمال سکھایا جائے گا۔ اس کے ساتھ اسمال بزنس گروتھ اکیڈمی کے تحت ملک بھر میں ورکشاپس اور آن لائن ٹریننگ سیشنز بھی منعقد کیے جائیں گے۔

یہ اقدام میٹا کے ایشیا پیسیفک خطے کے 12 ممالک پر مشتمل وسیع تر اسمال بزنس ٹریننگ پروگرام کا حصہ ہے۔ اے آئی اور ڈیجیٹل مہارتوں کے فروغ سے پاکستانی کاروباری اداروں کو ملکی و عالمی منڈیوں تک رسائی بڑھانے میں مدد ملے گی۔ ڈیجیٹل مہارتوں اور اے آئی ٹیکنالوجی کا فروغ پاکستان میں چھوٹے کاروباری اداروں کو جدید معیشت سے جوڑنے کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔