اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے گوگل کے پاکستان آفس کا افتتاح کردیا۔
وزیراعظم شہباز شریف سے گوگل کے نائب صدر ولسن اور ان کی ٹیم نے ملاقات کی، جس میں پاکستان میں ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے فروغ، نوجوانوں کے لیے نئے مواقع پیدا کرنے اور دونوں فریقوں کے درمیان تعاون کو مزید وسعت دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم نے گوگل کے نائب صدر اور ان کی ٹیم کا پاکستان آمد پر خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ گوگل دنیا کی معروف ٹیکنالوجی کمپنی ہے اور پاکستان میں اس کے لیے بے پناہ مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان گوگل کے لیے ایک اہم اور خوبصورت نئے سفر کا آغاز ہے۔
گوگل کے نائب صدر ولسن نے کہا کہ گوگل پاکستان کے ساتھ طویل المدتی شراکت داری کا خواہاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے فروغ کے لیے مزید اقدامات کی ضرورت ہے تاکہ نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل معیشت سے بھرپور فائدہ اٹھانے کے مواقع مل سکیں۔
بعد ازاں وزیراعظم شہباز شریف نے گوگل کے پاکستان آفس کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گوگل پاکستان کے نوجوانوں اور ٹیکنالوجی کے شعبے کی ترقی میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔
وزیراعظم نے پاکستان اور گوگل کے درمیان تعاون کو مزید وسعت دینے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ حکومت ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے فروغ اور نوجوانوں کو جدید مہارتوں سے آراستہ کرنے کے لیے اقدامات جاری رکھے گی۔






