اسلام آباد (آن لائن) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے خضدار کے علاقے شور پرود کے پہاڑی سلسلے میں سیکیورٹی فورسز کے کامیاب انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے کامیاب کارروائی کے دوران 10 دہشتگردوں کو ہلاک کیا۔ انہوں نے کہا کہ انسانیت کے دشمن دہشتگردوں کے خلاف کامیاب آپریشن سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت اور صلاحیتوں کا مظہر ہے۔
محمد شہباز شریف نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز کی قربانیوں اور خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ پوری قوم دہشتگردی کے خلاف جنگ میں اپنی سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے۔
وزیراعظم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک جدوجہد جاری رکھی جائے گی اور دہشتگرد عناصر کو ان کے مذموم عزائم میں کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔






