ملاقات کے دوران مالدیپ کے وزیر سیاحت و سول ایوی ایشن نے اعلان کیا کہ مالدیپ کی قومی ایئرلائن جلد پاکستان اور مالدیپ کے درمیان براہِ راست پروازوں کا آغاز کرے گی، پہلی براہِ راست پرواز کے ذریعے معروف پاکستانی کرکٹرز، فنکار اور دیگر سلیبریٹیز مالدیپ جائیں گے۔
محمد امین نے کہا کہ پاکستانی سلیبریٹیز مالدیپ میں بے حد مقبول ہیں اور ان کی آمد سے سیاحت کو مزید فروغ ملے گا۔
اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ براہِ راست پروازوں کے آغاز سے پاکستانی شہریوں کے لیے مالدیپ کا سفر مزید آسان ہو جائے گا، پاکستانی شہری سیاحت میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں اور براہِ راست پروازوں سے مالدیپ میں پاکستانی سیاحوں کی آمد میں نمایاں اضافہ ہوگا۔
کھیلوں کے شعبے میں تعاون پر بات کرتے ہوئے محسن نقوی نے آگاہ کیا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) مالدیپ میں کرکٹ اسٹیڈیم کے قیام کے مجوزہ منصوبے پر کام کر رہا ہے، اسٹیڈیم کے ساتھ کرکٹ اکیڈمی بھی قائم کی جائے گی تاکہ مقامی نوجوانوں کو تربیت کے بہتر مواقع میسر آ سکیں۔
وزیر داخلہ نے اپنے مالدیپ کے ہم منصب کے لیے نیک خواہشات کا پیغام بھی دیا اور کہا کہ وہ مالدیپ کے وزیر داخلہ کے دورہ پاکستان کے منتظر ہیں۔
مالدیپ کے وزیر سیاحت و سول ایوی ایشن محمد امین نے اسلام آباد کے جدید انفراسٹرکچر، تیز رفتار ترقی، خوبصورتی اور صفائی کے نظام کی بھرپور تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد کے قدرتی مناظر دیکھ کر بے حد خوشی ہوئی ہے اور یہ شہر حقیقی معنوں میں ٹورازم کیپٹل سٹی بننے کے بھرپور مواقع رکھتا ہے





