25 کروڑ عوام کی آخری امید اب صرف عدلیہ ہے، وزیراعلیٰ سہیل آفریدی

اسلام آباد/پشاور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ پاکستان کے 25 کروڑ عوام کی آخری امید عدلیہ ہے اور سپریم کورٹ کے فیصلے سے انصاف کی امید کی کرن عوام کے دلوں میں اب بھی روشن ہے۔

سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سہیل آفریدی نے کہا کہ اللہ تعالیٰ ہی خالق، مالک اور رازق ہے، عزت و ذلت اور زندگی و موت اسی کے ہاتھ میں ہے۔ امید ہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے پر جلد عملدرآمد ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ سلمان اکرم راجہ نے کمٹمنٹ کی ہے کہ ہسپتال کے اردگرد پاکستان تحریک انصاف کا کوئی کارکن جمع نہیں ہوگا۔ ہمیں اپنے لیڈر عمران خان کی جان اور صحت سب سے زیادہ عزیز ہے۔ عمران خان کروڑوں پاکستانیوں کی امید ہیں اور اس امید کو ٹوٹنے نہیں دینا۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ عمران خان کو کسی بھی غلط قدم سے نقصان پہنچا تو یہ صرف عمران خان کا نہیں بلکہ ہم سب اور پاکستان کا نقصان ہوگا۔ سلمان اکرم راجہ کی بحیثیت سیکریٹری جنرل پی ٹی آئی کمٹمنٹ کو ہم سب تسلیم کرتے ہیں اور پارٹی کا ہر کارکن اس کمٹمنٹ کی حمایت کرتا ہے۔

سہیل آفریدی نے کہا کہ عمران خان سے محبت کرنے والا کوئی محب وطن پاکستانی ایسا قدم نہیں اٹھائے گا جس سے عدلیہ، عدالتی فیصلے، عمران خان یا پی ٹی آئی کی توہین ہو۔ ہمیں صبر اور تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے عمران خان کی صحت یابی کا انتظار کرنا ہے۔

انہوں نے خبردار کیا کہ ہسپتال کے اردگرد کچھ عناصر انتشار پھیلانے اور صورتحال کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کرسکتے ہیں۔ انتشار پھیلانے والے عناصر کا پی ٹی آئی سے کوئی تعلق نہیں ہوگا۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ ایسے عناصر کی نشاندہی کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ نہ ایسے لوگ عمران خان کے کارکن ہوں گے اور نہ ہی ہم انہیں تسلیم کریں گے۔ ہمیں پرامن رہنا ہے اور عمران خان کا علاج ہوتے دیکھنا ہے۔