تخت بھائی: شدید گرمی کے دوران نرے ولہ فیڈر پر غیر اعلانیہ اور طویل لوڈشیڈنگ، کم وولٹیج اور بار بار ٹرپنگ کے خلاف علاقے کے عمائدین نے شدید احتجاج کرتے ہوئے جمعہ کو جلالہ گرڈ اسٹیشن کے سامنے احتجاجی کیمپ لگانے کا اعلان کردیا۔
تخت بھائی پریس کلب رجسٹرڈ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ممتاز سیاسی و سماجی شخصیت واجد خان، اے این پی کے میاں سعید اللہ خان، نرے ولہ بازار کے صدر عبدالحق خان، تنظیم تاجران کے زوہیب خان سمیت دیگر عمائدین نے کہا کہ نرے ولہ فیڈر پر مقررہ شیڈول کے برعکس روزانہ 18 سے 20 گھنٹے تک بجلی کی بندش نے عوام کو شدید مشکلات سے دوچار کردیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عوام واپڈا کے جاری کردہ شیڈول کے مطابق لوڈشیڈنگ برداشت کرنے کے لیے تیار ہیں، تاہم غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ، کم وولٹیج اور بار بار ٹرپنگ کسی صورت قابل قبول نہیں۔
عمائدین کا کہنا تھا کہ شدید گرمی میں طویل بجلی بندش کے باعث خصوصاً بچے، بزرگ اور مریض مشکلات کا شکار ہیں جبکہ کاروباری سرگرمیاں بھی بری طرح متاثر ہورہی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ نرے ولہ کو بجلی جلالہ گرڈ اسٹیشن سے فراہم کی جاتی ہے، سب ڈویژن گوجر گھڑی ہے جبکہ بجلی کے بل مردان میں جمع کرائے جاتے ہیں۔ ان کا مطالبہ تھا کہ علاقے کا بجلی سے متعلق تمام انتظامی نظام تخت بھائی سے منسلک کیا جائے تاکہ شہریوں کو اپنے مسائل کے حل کے لیے دور دراز دفاتر کے چکر نہ لگانے پڑیں۔
عمائدین نے خبردار کیا کہ اگر بجلی کے مسائل فوری طور پر حل نہ کیے گئے تو جمعہ کو جلالہ گرڈ اسٹیشن کے سامنے احتجاجی کیمپ لگایا جائے گا، جبکہ مطالبات پر پیش رفت نہ ہونے کی صورت میں احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا۔
اہل علاقہ نے محکمہ واپڈا اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ، کم وولٹیج اور بار بار ٹرپنگ کے خاتمے کے لیے فوری عملی اقدامات کیے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ وہ پرامن شہری ہیں اور احتجاج ان کا آئینی حق ہے۔ اگر مسائل حل نہ کیے گئے تو حالات کی خرابی کی تمام تر ذمہ داری محکمہ واپڈا اور انتظامیہ پر عائد ہوگی۔






