عمران خان سے اڈیالہ جیل میں نورین نیازی کی ملاقات کا احوال سامنے آگیا

جیل ذرائع کے مطابق ملاقات کے دوران دونوں بہن بھائیوں کے درمیان صحت سمیت دیگر معاملات پر تبادلہ خیال ہوا، جبکہ نورین نیازی نے بانی پی ٹی آئی کو سپریم کورٹ کے حکم سے بھی آگاہ کیا۔

راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ان کی ہمشیرہ نورین نیازی کی ملاقات کرا دی گئی۔ جیل ذرائع کے مطابق نورین نیازی اور بانی پی ٹی آئی کے درمیان ملاقات کانفرنس روم میں ہوئی، جس کے دوران صحت اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

جیل ذرائع کا کہنا ہے کہ نورین نیازی نے ملاقات کے دوران بانی پی ٹی آئی کو سپریم کورٹ کے حکم سے آگاہ کیا اور عدالتی پیش رفت کے بارے میں معلومات فراہم کیں۔

ملاقات کے بعد نورین نیازی اڈیالہ جیل سے روانہ ہوکر داہگل ناکے پر پہنچیں۔ اس موقع پر صحافیوں نے ان سے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے بارے میں سوال کیا۔

صحافی نے سوال کیا کہ کیا آپ کی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کرادی گئی ہے؟ نورین نیازی نے جواب دینے کے بجائے منہ پر انگلی رکھ کر خاموش رہنے کا اشارہ کیا۔

بعد ازاں نورین نیازی اپنی گاڑی میں موجود رہیں اور ڈاکٹر عظمیٰ کو بھی گاڑی میں بلا لیا گیا۔ کچھ دیر بعد قاسم زمان بھی گاڑی میں پہنچ گئے۔

ذرائع کے مطابق گاڑی میں نورین نیازی نے ڈاکٹر عظمیٰ اور قاسم زمان کو اڈیالہ جیل میں ہونے والی ملاقات اور بانی پی ٹی آئی سے ہونے والی گفتگو کے بارے میں بریفنگ دی۔

اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی سے ملاقاتوں کا سلسلہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب ان سے اہل خانہ اور پارٹی رہنماؤں کی ملاقاتوں سے متعلق عدالتی احکامات پر عمل درآمد کا معاملہ سیاسی اور قانونی سطح پر اہمیت اختیار کیے ہوئے ہے۔