لاہور اور پسماندہ شہروں کا فرق ہمیشہ کے لیے ختم کیا جا رہا ہے، مریم نواز

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے اوکاڑہ کے ارکان صوبائی اسمبلی نے ملاقات کی، جس میں صوبے کی سیاسی صورتحال، ترقیاتی منصوبوں اور حلقوں کو درپیش عوامی مسائل پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

ملاقات میں صوبائی وزیر عاشق حسین شاہ، جاوید علاؤالدین ساجد، چوہدری افتخار حسین چھچھڑ، نور الامین وٹو، علی عباس، میاں یاور زمان، میاں محمد منیر اور غلام رضا شریک ہوئے۔

ارکان اسمبلی نے وزیراعلیٰ کو اپنے حلقوں کے عوامی مسائل سے آگاہ کیا، جس پر مریم نواز نے مسائل کے حل کے لیے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

ارکان صوبائی اسمبلی نے 41 اضلاع اور 2 تحصیلوں میں مربوط سیف سٹی نیٹ ورک کے قیام پر وزیراعلیٰ کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے اوکاڑہ جی ٹی روڈ سے بائی پاس سڑک کی تعمیر و بحالی پر اظہار تشکر کیا اور شہریوں کے لیے الیکٹروبس سروس شروع کرنے پر بھی مریم نواز کو سراہا۔

مریم نواز نے ارکان اسمبلی کو عوام سے بھرپور رابطے میں رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں عوامی منصوبوں کی تکمیل کے لیے کم وقت میں زیادہ سے زیادہ کام کرنا چاہتے ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پہلی بار صوبے کے تمام شہروں اور دیہات کو ’’ستھرا پنجاب‘‘ پروگرام کے ذریعے یکساں طور پر صاف کیا جارہا ہے۔ پنجاب کے عوام کے معیار زندگی میں بہتری کی خبریں سن کر انہیں اطمینان ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پہلی بار لاہور اور پسماندہ شہروں کے درمیان فرق ختم کیا جارہا ہے اور ہر شہر اور گاؤں میں الیکٹروبس سروس فراہم کی جارہی ہے۔

ارکان اسمبلی نے بتایا کہ اوکاڑہ میں الیکٹروبسیں جنرل بس اسٹینڈ سے اختر آباد، کرمانوالہ، اڈہ کسان اور اوکاڑہ یونیورسٹی تک چل رہی ہیں۔ طلبہ، خواتین اور بزرگوں کے لیے مفت سفر کی سہولت کو بھی انہوں نے قابل تحسین قرار دیا۔

ارکان اسمبلی نے کہا کہ سیف سٹی منصوبے اور پولیس اقدامات کے باعث پنجاب میں جرائم کی شرح بتدریج کم ہورہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز کی قیادت میں پنجاب بہتر سے بہترین کی جانب بڑھ رہا ہے۔

انہوں نے ’’الیکٹروبس، اپنی چھت اپنا گھر اور کسان کارڈ‘‘ سمیت مختلف عوامی منصوبوں کو عوام میں مقبول قرار دیا۔