لاہور (آئی این پی) لاہور میں منظم ٹریفک اور محفوظ سفر کے لیے زیرو ٹالرنس پالیسی نافذ العمل ہے، سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے ای چالان ڈیفالٹر گاڑیوں کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دے دیا۔
انہوں نے ای چالان نادہندہ گاڑیوں کو تھانوں میں بند کروانے کا حکم دیتے ہوئے واضح کیا کہ ای چالان نادہندہ گاڑی پکڑے جانے پر تمام چالان جمع کروانا لازمی ہوگا، جبکہ ڈرائیونگ لائسنس سروسز، کریکٹر سرٹیفکیٹ اور ویریفکیشن کی سہولیات نادہندگان کو نہیں مل سکیں گی۔
سیف سٹی، پولیس خدمت مراکز اور لائسنس سسٹم کو آپس میں منسلک کردیا گیا ہے۔
سید عبدالرحیم شیرازی نے بتایا کہ سگنل، لین لائن، ون وے، دھواں چھوڑنے سمیت 22 سے زائد خلاف ورزیوں پر ای چالان جاری کیے جارہے ہیں۔
انہوں نے ای چالان سے بچنے کے لیے نمبر پلیٹس سے چھیڑ چھاڑ کرنے والوں کے خلاف بھی کارروائی کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ شہری ٹریفک قوانین کا احترام کریں، منظم ٹریفک سب کی ذمہ داری ہے، اب قانون شکن نہیں بچ سکیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ٹریفک سسٹم کو مزید ڈیجیٹلائزڈ اور منظم بنادیا گیا ہے۔






