سفارتی ذرائع کے مطابق پاکستان آج اقوام متحدہ کی تخفیفِ اسلحہ کانفرنس کی صدارت سنبھالے گا۔ ترجمان دفتر خارجہ طاہر اندرابی کانفرنس کے نئے صدر ہوں گے اور اجلاس کی صدارت کے لیے جنیوا میں موجود ہیں۔
پاکستان بطور صدر کانفرنس کی سالانہ رپورٹ تیار کرکے ارکان کی منظوری کے لیے پیش کرے گا، جبکہ 2027 کے ایجنڈے کی تیاری کے لیے مشاورت اور مذاکرات میں سہولت کاری بھی کرے گا۔
ذرائع کے مطابق پاکستان کی صدارت کے دوران اس ہفتے خلا میں اسلحے کی دوڑ کی روک تھام (PAROS) کے معاملے پر اہم بحث ہوگی۔ کانفرنس میں جوہری ہتھیاروں کی دوڑ کے خاتمے، جوہری جنگ کی روک تھام اور منفی سلامتی کی ضمانتوں سمیت مختلف اہم امور زیر غور آئیں گے۔
اس کے علاوہ فوجی شعبے میں مصنوعی ذہانت (AI)، عالمی و علاقائی امن اور تزویراتی استحکام سے متعلق معاملات پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ کانفرنس کی صدارت پاکستان کو عالمی سلامتی، جوہری عدم پھیلاؤ اور تزویراتی استحکام سے متعلق اہم مباحث میں نمایاں سفارتی کردار ادا کرنے کا موقع فراہم کرے گی۔






