راولپنڈی: یوم آزادی کے موقع پر چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پاک فوج کے سابق فوجیوں کے اعزاز میں استقبالیہ دیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق استقبالیے میں ریٹائرڈ افسران اور جوانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ملکی دفاع کے لیے سابق فوجیوں کی گراں قدر اور تاحیات خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے قومی استقامت کو مضبوط بنانے میں سابق فوجیوں کے دیرپا کردار کو بھی سراہا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ سابق فوجیوں کا تجربہ، رہنمائی اور مسلسل رابطہ پاک فوج کا قیمتی ادارہ جاتی اثاثہ ہے، خصوصاً تیزی سے پیچیدہ اور بدلتے ہوئے سکیورٹی ماحول سے نمٹنے میں ان کی رہنمائی انتہائی اہم ہے۔
اس موقع پر سابق فوجیوں نے پاک فوج کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے ابھرتے ہوئے سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے میں مسلح افواج کی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔
سابق فوجیوں نے قومی اتحاد، امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے اپنا کردار جاری رکھنے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔






