بڑی خبر ، سپریم کورٹ کا بانی پی ٹی آئی کوجیل سے نکالنے کا حکم ، کہاں منتقل کیا جائیگا ؟ جانئے

سپریم کورٹ نے بانی پی ٹی آئی و سابق وزیراعظم عمران خان کو فوری طور پر شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کرنے کا حکم دے دیا۔

 

جسٹس شاہد وحید کی سربراہی میں جسٹس نعیم افغان اور جسٹس اشتیاق ابراہیم پر مشتمل تین رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی۔ عدالت نے حکم دیا کہ عمران خان کو آج ہی شفا اسپتال منتقل کیا جائے۔

 

سپریم کورٹ نے ان کے ذاتی معالج ڈاکٹر فیصل سلطان اور بہن ڈاکٹر عظمیٰ خان کو بھی اسپتال میں ان کے ہمراہ رہنے کی اجازت دی۔ عدالت نے ہفتے میں ایک بار بانی پی ٹی آئی کی اہلخانہ سے ملاقات کی بھی اجازت دی۔

 

حکم میں کہا گیا کہ عمران خان اگلی سماعت تک اسپتال میں رہیں گے۔ کیس کی سماعت 16 ستمبر تک ملتوی کر دی گئی۔

 

سماعت کے دوران جسٹس شاہد وحید نے عظمیٰ خان کے وکیل سے استفسار کیا کہ نجی اسپتال میں منتقلی کیوں چاہتے ہیں؟ وکیل عزیر بھنڈاری نے جواب دیا کہ پمز انہیں اکثر لے جایا جاتا ہے۔

 

جسٹس نے نجی اسپتال کے اخراجات کے بارے میں پوچھا تو وکیل نے کہا کہ اخراجات وہ خود ادا کریں گے۔ جسٹس نے یہ بھی کہا کہ علاج کی رپورٹس پبلک نہ کرنے اور انہیں سیاسی مقاصد کے لیے استعمال نہ کرنے کی گارنٹی کون دے گا؟

 

اس پر پی ٹی آئی رہنما سلمان اکرم راجا نے کہا کہ میڈیکل رپورٹ ڈاکٹرز اور فیملی کا معاملہ ہے اور سیاسی جماعت اسے سیاست کے لیے استعمال نہیں کرے گی۔