آزاد کشمیر میں پیپلز پارٹی حکومت بنائے گی، راجہ پرویز اشرف کا اعلان

لاہور (آئی این پی): سابق وزیراعظم اور پاکستان پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے صدر راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کے عوام پاکستان پیپلز پارٹی پر اعتماد کرتے ہیں اور انشااللہ انتخابات کے بعد آزاد کشمیر میں پیپلز پارٹی کی حکومت قائم ہوگی۔

اپنے ویڈیو پیغام میں راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ آج میرپور ڈویژن کے عوام پاکستان پیپلز پارٹی سے اپنی محبت کا عملی ثبوت دے رہے ہیں۔ انہوں نے پولنگ اسٹیشنز پر ووٹ ڈالنے کے لیے آنے والے کشمیری عوام کے جذبے کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے اپنے ہر دورِ حکومت میں آزاد کشمیر میں ترقیاتی منصوبوں کا جال بچھایا۔ ان کے بقول کشمیر کی تمام بڑی یونیورسٹیاں، میڈیکل کالجز اور اہم شاہراہیں پیپلز پارٹی کے دور میں تعمیر ہوئیں، جبکہ مسئلہ کشمیر کو بھی عالمی سطح پر مؤثر انداز میں اجاگر کیا گیا۔

راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے کشمیر کے لیے “ایک ہزار سال تک جنگ لڑنے” کے عزم کا اظہار کیا تھا، جبکہ محترمہ بینظیر بھٹو نے کہا تھا کہ “جہاں کشمیریوں کا پسینہ گرے گا، وہاں ہمارا خون گرے گا”۔

انہوں نے کہا کہ چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری بھی کشمیر کے عوام کے حقوق کے لیے آواز بلند کر رہے ہیں، اور آزاد کشمیر میں پیپلز پارٹی کی حکومت قائم ہونے سے مقبوضہ کشمیر کے عوام کے مؤقف کو بھی تقویت ملے گی۔

سابق وزیراعظم نے کشمیری ووٹرز سے اپیل کی کہ وہ شام 5 بجے سے پہلے اپنا حقِ رائے دہی ضرور استعمال کریں اور پاکستان پیپلز پارٹی کے انتخابی نشان تیر پر مہر لگا کر اپنی ذمہ داری ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ انشااللہ آزاد کشمیر میں پیپلز پارٹی حکومت بنائے گی۔

close