لاہور (آئی این پی): پنجاب حکومت نے مون سون بارشوں، دریاؤں میں طغیانی اور خراب موسمی صورتحال کے پیشِ نظر عوامی تحفظ کے لیے صوبے بھر میں دفعہ 144 نافذ کر دی ہے۔
ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق سیکرٹری داخلہ پنجاب نے ضابطہ فوجداری 1898 کی دفعہ 144 کے تحت جاری احکامات کے مطابق گلیوں، سڑکوں، کھلی جگہوں یا دیگر عوامی مقامات پر جمع بارش کے پانی میں نہانے پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔ اس کے علاوہ ڈیموں، دریاؤں، نہروں، تالابوں اور جھیلوں میں ہر قسم کی تیراکی اور بغیر اجازت کشتی رانی بھی ممنوع قرار دے دی گئی ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق یہ پابندیاں آئندہ 60 روز تک نافذ العمل رہیں گی۔
محکمہ داخلہ کا کہنا ہے کہ حالیہ مون سون بارشوں کے باعث نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کے ساتھ ساتھ دریاؤں، ڈیموں، نہروں، تالابوں اور جھیلوں میں پانی کی سطح بھی بلند ہو چکی ہے، جس کے باعث نہانے، تیراکی اور کشتی رانی جیسے سرگرمیوں سے انسانی جانوں کو سنگین خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔
ترجمان کے مطابق ان پابندیوں کا مقصد قیمتی انسانی جانوں کا تحفظ اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچاؤ یقینی بنانا ہے۔ صوبہ بھر کی ضلعی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو احکامات پر سختی سے عمل درآمد کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے، جبکہ متعلقہ اداروں کو عوامی آگاہی مہم چلانے کی بھی ہدایت دی گئی ہے تاکہ شہری احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔






