لاہور (آئی این پی): لاہور ٹریفک پولیس نے بھکاریوں کی بحالی، ری ہیبلیٹیشن اور باعزت روزگار کی فراہمی کے لیے ایک اہم پائلٹ پراجیکٹ شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے تحت ابتدائی مرحلے میں 10 مستحق خاندانوں کو آسان قرض، پیشہ ورانہ تربیت اور روزگار کی سہولت فراہم کی جائے گی۔
سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن کے منیجنگ ڈائریکٹر مبین الٰہی اور الخدمت فاؤنڈیشن کے پروجیکٹ ڈائریکٹر محمد صنان نے شرکت کی۔ اجلاس میں مستحق افراد کو ہنر مند بنانے، روزگار کی فراہمی اور چھوٹے کاروبار کے آغاز میں معاونت پر اتفاق کیا گیا۔
منصوبے کے مطابق الخدمت فاؤنڈیشن ابتدائی مرحلے میں 10 مستحق مرد و خواتین پر مشتمل بھکاری خاندانوں کی نشاندہی کرے گی، جبکہ پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن منتخب افراد کو کاروبار شروع کرنے کے لیے فی خاندان 5 لاکھ روپے تک آسان قرض فراہم کرے گی۔
اجلاس میں بھکاری بچوں کی تعلیم و تربیت کے لیے لاہور کی جھونپڑی آبادیوں میں “جھونپڑی اسکولز” قائم کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ اس کے علاوہ مستحق افراد کو فلاحی اداروں کے تعاون سے بیوٹی کورسز، سلائی کڑھائی اور دیگر فنی تربیت فراہم کی جائے گی تاکہ وہ باعزت روزگار حاصل کر سکیں۔
سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے کہا کہ گداگروں کی میپنگ، تحقیق اور پروفائلنگ کے ذریعے ان کے ہینڈلرز تک بھی پہنچا جائے گا۔ ان کے مطابق اس منصوبے کا مقصد مستحق افراد کو بھیک مانگنے سے نکال کر خودمختار اور باوقار زندگی کی طرف لانا ہے۔
اس موقع پر ایم ڈی پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن مبین الٰہی نے کہا کہ یہ اقدام پیشہ ورانہ گداگری کے خاتمے اور معاشرتی بحالی میں اہم کردار ادا کرے گا۔
سی ٹی او لاہور نے بتایا کہ شہر میں گداگروں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر مؤثر اور پائیدار اقدامات ناگزیر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لاہور ٹریفک پولیس رواں سال 3 ہزار 500 سے زائد گداگروں کے خلاف کارروائیاں کر چکی ہے، تاہم اب ان کی بحالی اور فلاح پر بھی خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔






