لاہور (آئی این پی): وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی انسپکشن ٹیموں کے ممکنہ دوروں کے پیش نظر پنجاب ایجوکیشن اتھارٹی نے صوبے بھر کے سرکاری سکولوں میں سکیورٹی ہائی الرٹ کرنے کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔
جاری ہدایات کے مطابق سکولوں کے داخلی و خارجی راستوں پر سخت نگرانی یقینی بنائی جائے گی، جبکہ غیر متعلقہ افراد کے سکولوں میں داخلے پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ سکولوں میں کام کرنے والے تمام مزدوروں کی تصدیق بھی لازمی قرار دی گئی ہے۔
ایجوکیشن اتھارٹی نے تمام ہیڈ ٹیچرز اور کلاس فور ملازمین کی سو فیصد حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ وزیراعلیٰ کی انسپکشن ٹیم کے دورے کے دوران کسی بھی ملازم کی غیر حاضری برداشت نہیں کی جائے گی۔
احکامات میں سکولوں کے اندر اور اطراف چائلڈ لیبر کے خلاف فوری کارروائی کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔ اس سلسلے میں تمام ضلعی ایجوکیشن افسران (ڈی ای اوز)، اسسٹنٹ ایجوکیشن افسران (اے ای اوز) اور ہیڈ ٹیچرز کو خصوصی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں تاکہ سکیورٹی، نظم و ضبط اور حکومتی ہدایات پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جا سکے۔






