//

پی ڈی ایم اے اور ریسکیو1122 کو ہائی الرٹ رہنے کا حکم

کراچی (آئی این پی): سندھ میں متوقع مون سون بارشوں کے پیش نظر مشیر وزیراعلیٰ سندھ برائے بحالی گیان چند ایسرانی نے پی ڈی ایم اے سندھ اور ریسکیو 1122 کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

گیان چند ایسرانی کے مطابق پی ڈی ایم اے سندھ نے ڈی واٹرنگ پمپس سے لیس 50 خصوصی ریسپانس گاڑیاں مختلف ڈویژنز میں تعینات کر دی ہیں۔ ان میں کراچی ڈویژن کے لیے 10، حیدرآباد اور میرپورخاص ڈویژنز کے لیے 25، جبکہ سکھر اور لاڑکانہ ڈویژنز کے لیے 15 گاڑیاں مختص کی گئی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ کراچی میں ضلع ساوتھ کے لیے 3، ایسٹ کے لیے 2، جبکہ ویسٹ، سینٹرل، ملیر اور کورنگی کے لیے ایک، ایک خصوصی ریسپانس گاڑی تعینات کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم اے کا مرکزی کنٹرول روم 24 گھنٹے فعال ہے، جہاں جی آئی ایس آپریٹرز اور ماہر عملہ موسمی صورتحال کی مسلسل نگرانی کر رہا ہے۔

مشیر وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق حالیہ بارشوں کے دوران مختلف حادثات میں 2 افراد جاں بحق اور 2 زخمی ہوئے، جبکہ ننگرپارکر میں سب سے زیادہ 108 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

گیان چند ایسرانی نے بتایا کہ ریسکیو 1122 کا مون سون 2026 کا جامع ہنگامی منصوبہ تمام کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز اور ضلعی انتظامیہ کو ارسال کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 1,586 فیلڈ ریسکیو اہلکار، 200 کنٹرول روم اسٹاف، 38 کشتیاں، 27 آؤٹ بورڈ موٹرز، 15 فائر ٹرکس، 24 سرچ اینڈ ریسکیو گاڑیاں، 13 ریکوری وہیکلز، 9 واٹر ریسکیو وہیکلز اور 19 ایمرجنسی رسپانس کیبنز مکمل ہائی الرٹ پر ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ مرکزی کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر چوبیس گھنٹے صورتحال کی نگرانی کر رہا ہے، جبکہ دور دراز علاقوں میں طبی امداد کی فراہمی کے لیے موبائل ہیلتھ یونٹس بھی مکمل طور پر تیار رکھے گئے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close