اسلام آباد، پشاور (آئی این پی): ملک کے مختلف شہروں میں آٹے کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے باعث عوام پر مہنگائی کا مزید بوجھ پڑ گیا۔
آٹا ڈیلرز ایسوسی ایشن کے مطابق پشاور میں گزشتہ دو روز کے دوران 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت میں 100 سے 150 روپے تک اضافہ ہوا ہے۔ مکس آٹے کا 20 کلو تھیلا 2,650 روپے سے بڑھ کر 2,800 روپے جبکہ فائن آٹے کا 20 کلو تھیلا 2,900 روپے سے بڑھ کر 3,000 روپے کا ہو گیا ہے۔
ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ گندم کی قیمت میں مسلسل اضافے کے باعث آٹے کے نرخ بھی بڑھ رہے ہیں۔
دوسری جانب فیصل آباد میں بھی آٹے کی قیمتوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جہاں مختلف علاقوں میں مختلف نرخ وصول کیے جا رہے ہیں۔ تندور مالکان نے بھی روٹی کی قیمت میں اضافہ کر دیا ہے۔ دکانداروں کے مطابق مہنگی گندم خریدنے کے باعث قیمتیں بڑھانا مجبوری بن گئی ہے۔
سکھر میں فائن آٹا 130 سے 135 روپے فی کلو جبکہ چکی کا آٹا 140 سے 150 روپے فی کلو فروخت کیا جا رہا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ روزمرہ استعمال کی بنیادی اشیائے خورونوش کی بڑھتی قیمتوں نے گھریلو بجٹ کو شدید متاثر کیا ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ گندم کی مناسب فراہمی یقینی بنائی جائے اور اشیائے خورونوش کی قیمتوں پر مؤثر کنٹرول کر کے عوام کو فوری ریلیف فراہم کیا جائے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






