لاہوریو کے لیے بڑی خوشخبری کا اعلان!

لاہور: وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے زندہ دلان لاہور کے لیے بڑی خوشخبری کا اعلان کرتے ہوئے لاہور میں 10 روزہ بسنت منانے کی منظوری دے دی۔

25 سال کے تعطل کے بعد رواں سال فروری میں 6 سے 8 فروری تک لاہور میں بسنت منائی گئی تھی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے نئے سال 2027ء کی آمد پر لاہوریوں کو 10 روزہ بسنت کا تحفہ دینے کی ہدایت کی ہے۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایت کے مطابق 29 جنوری سے 7 فروری تک بسنت منائی جائے گی، تاہم 5 فروری کو کشمیر ڈے منانے کے لیے ایک روز بسنت جشن کا ناغہ ہوگا۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ پوری دنیا میں 10 روزہ بسنت پنجاب کے تہذیبی رنگ اور لاہور کی قدیم تاریخی روایت کے فروغ کا باعث بنے گی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ گزشتہ بسنت سے بھی بڑھ کر شہریوں کی حفاظت اور سہولت کے لیے بہتر اقدامات کیے جائیں۔

وزیراعلیٰ مریم نواز نے عوام سے اپیل کی کہ انسانی جان کی حفاظت یقینی بنانے کے لیے فرض شناسی، ذمہ داری اور احساس کے ساتھ گزشتہ بسنت کی طرح ایک نئی مثال قائم کریں۔