وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایئرپورٹس پر نامکمل یا غیر مصدقہ سفری دستاویزات رکھنے والے مسافروں کو سفر کی اجازت نہ دینے کی ہدایت کر دی۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے امیگریشن کاؤنٹرز کا معائنہ کیا اور بیرون ملک جانے والے مسافروں کے امیگریشن کے عمل کا تفصیلی جائزہ لیا۔
دورے کے دوران وزیر داخلہ نے مسافروں سے ذاتی طور پر ملاقات کی اور ان سے امیگریشن کے طریقہ کار، درپیش مسائل اور دستیاب سہولیات کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔
اس موقع پر انہوں نے بعض مسافروں کی سفری دستاویزات خود چیک کیں اور ان کی موقع پر ہی تصدیق بھی کروائی۔
محسن نقوی نے امیگریشن ٹیم کے بہترین انتظامات پر اطمینان اور خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کاؤنٹرز پر اضافی عملہ تعینات کرنے سے مسافروں کی طویل قطاریں ختم ہو چکی ہیں، جس سے سفر کو آسان بنانے میں مدد ملی ہے۔
وزیر داخلہ نے بہترین انتظامات اور کارکردگی پر ایئرپورٹ امیگریشن کے ڈپٹی ڈائریکٹر شہزاد اکبر کی کاوشوں کو خصوصی طور پر سراہا۔
وزیر داخلہ نے ہدایت کی کہ مسافروں کو امیگریشن کے دوران تمام تر ممکنہ سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ انہیں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے اور نامکمل یا غیر قانونی سفری دستاویزات کے حامل کسی بھی مسافر کو سفر کی ہرگز اجازت نہ دی جائے۔






