صدر پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر چوہدری محمد یاسین نے چیف الیکشن کمشنر آزاد کشمیر کو ایک اہم خط ارسال کرتے ہوئے آزاد کشمیر میں فوری طور پر انٹرنیٹ سروس بحال کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
اپنے خط میں چوہدری محمد یاسین نے مؤقف اختیار کیا کہ انٹرنیٹ کی بندش سے انتخابی مہم بری طرح متاثر ہو رہی ہے، جس کے باعث سیاسی جماعتوں اور امیدواروں کے لیے ووٹرز تک بروقت اور درست معلومات پہنچانا مشکل ہو گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ انٹرنیٹ کی بندش شفاف انتخابی عمل میں رکاوٹ بن سکتی ہے اور اس صورتحال سے فیک نیوز اور افواہوں کے پھیلاؤ کا خطرہ بھی بڑھ رہا ہے، جو انتخابی ماحول کو متاثر کر سکتا ہے۔
خط میں مزید کہا گیا کہ ووٹرز کے حقِ معلومات کا تحفظ الیکشن کمیشن کی آئینی و قانونی ذمہ داری ہے، جبکہ انتخابی مہم کے بلا تعطل تسلسل اور آزادانہ، منصفانہ و شفاف انتخابات کے انعقاد کے لیے انٹرنیٹ کی دستیابی ناگزیر ہے۔
چوہدری محمد یاسین نے چیف الیکشن کمشنر سے مطالبہ کیا کہ متعلقہ اداروں سے فوری رابطہ کر کے آزاد کشمیر میں انٹرنیٹ سروس بحال کرائی جائے تاکہ انتخابی عمل شفاف، منصفانہ اور آزادانہ انداز میں مکمل ہو سکے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






