مظفرآباد (آئی این پی): وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ جن کے اپنے صوبوں کی سڑکیں ٹوٹی ہوئی ہیں وہ آزاد کشمیر کی سڑکیں کیا بنائیں گے، جبکہ جن کے صوبوں میں وسائل کرپشن کی نذر ہوتے ہیں وہ آزاد کشمیر کو کیا وسائل دیں گے۔
مظفرآباد میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ کچھ لوگ یہاں آکر تقریریں کر رہے ہیں، شکوے شکایت کر رہے ہیں اور الزام لگا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں احترام سے پوچھتی ہوں کہ آپ کس کی شکایت کر رہے ہیں؟ یہاں حکومت آپ کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جن لوگوں نے آپ کے ہاتھوں میں ڈنڈے تھمائے ہیں وہ آپ کے دوست نہیں ہو سکتے، جبکہ نواز شریف اور مریم نواز آپ کے ہاتھوں میں لیپ ٹاپ دیکھنا چاہتے ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ وہ صرف وعدے کرنے نہیں آئیں بلکہ دو سالہ پنجاب حکومت کی کارکردگی لے کر آئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم ووٹ مانگنے نہیں آئے، لیکن اگر آپ نے مسلم لیگ (ن) کو منتخب کیا تو وعدہ ہے کہ آزاد کشمیر کی قسمت بدل جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ جہاں مسلم لیگ (ن) کی حکومت ہے وہاں کے حالات اور دیگر جگہوں کے حالات دیکھ لیں، یہ فرق نواز شریف اور مسلم لیگ (ن) کی کارکردگی کا ہے۔ پنجاب کے چپے چپے پر ترقی ہو رہی ہے اور تین سو نواز شریف اسکول بن رہے ہیں۔
مریم نواز نے کہا کہ جب تک آزاد کشمیر کے ہر بچے کو مفت تعلیم نہیں ملے گی ہم آرام سے نہیں بیٹھیں گے۔ اب لوگوں کو اسپتال جانے کی ضرورت نہیں پڑے گی بلکہ اسپتال پہیوں پر چل کر ان کے پاس آئیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں بے گھر لوگوں کے لیے دو لاکھ گھر بن چکے ہیں اور “اپنی چھت اپنا گھر” منصوبہ آزاد کشمیر میں بھی لایا جائے گا۔ انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف سے درخواست کرنے کا بھی اعلان کیا کہ “ستھرا آزاد کشمیر” منصوبہ بھی شروع کیا جائے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ وہ مظفرآباد کے لیے 10 گرین بسیں تحفے میں لائی ہیں، جبکہ نوجوانوں کے لیے دو ہزار اسکالرشپس اور لیپ ٹاپ بھی دیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ “اپنا گھر اپنی چھت” اسکیم کے تحت پانچ لاکھ روپے تک کے گھر بنائے جائیں گے، اور اگر مسلم لیگ (ن) کی حکومت آئی تو آزاد کشمیر کے ہر گاؤں میں سڑکیں بنائی جائیں گی۔
مریم نواز نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کا منشور یہی ہے کہ جو ترقی پنجاب میں ہو رہی ہے وہ آزاد کشمیر میں بھی ہو۔
انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر جھوٹے وعدے کرنے والوں کا نہیں بلکہ وعدے نبھانے والوں کا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ وہ مظفرآباد مہمان بن کر نہیں آئیں بلکہ آزاد جموں و کشمیر ان کا اپنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں خون سے، دل و دماغ سے کشمیری ہوں، میری روح اور نسلیں بھی کشمیری ہیں۔
مریم نواز نے کہا کہ 2021 کے انتخابات میں مسلم لیگ (ن) نے آزاد کشمیر میں 17 نشستیں حاصل کی تھیں جبکہ اس وقت کے وزیراعظم کی جماعت کو صرف 3 نشستیں ملی تھیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ اس وقت کے وزیراعظم نے آزاد کشمیر کے نتائج بدلنے کی کوشش کی، اسی لیے آج یہاں مسائل موجود ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ جتنا مضبوط پاکستان ہوگا اتنا ہی مضبوط آزاد کشمیر بھی ہوگا، اور اگر آج کشمیر میں نواز شریف کی حکومت ہوتی تو کوئی مسئلہ نہ ہوتا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






