اسلام آباد (آئی این پی): ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی کم کرانے کی سفارتی کوششوں کے سلسلے میں پاکستان ایک بار پھر متحرک ہو گیا۔ ایرانی وزیر داخلہ اسکندر مومنی نے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی اور ایرانی صدر کا خصوصی پیغام پہنچایا۔
وزیراعظم ہاؤس میں ہونے والی ملاقات میں پاک ایران تعلقات، خطے کی مجموعی صورتحال، دوطرفہ تعاون اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان ایران کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط اور تجارت، اقتصادی روابط اور علاقائی تعاون کو نئی جہت دینا چاہتا ہے۔
ملاقات میں سرحدی سلامتی، انسدادِ دہشت گردی، غیر قانونی اسمگلنگ کی روک تھام اور دونوں ممالک کے درمیان سیکیورٹی تعاون کو مزید مؤثر بنانے کے حوالے سے بھی مشاورت کی گئی۔
دونوں رہنماؤں نے خطے میں امن و استحکام کے فروغ، اعلیٰ سطحی روابط کے تسلسل اور مشترکہ مفادات کے تحفظ کے لیے تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
اس موقع پر ایرانی وزیر داخلہ اسکندر مومنی نے وزیراعظم شہباز شریف کو ایرانی قیادت کی جانب سے نیک تمناؤں اور خیرسگالی کا خصوصی پیغام بھی پہنچایا۔
ذرائع کے مطابق ایرانی وزیر داخلہ اپنے دورۂ پاکستان کے دوران فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے بھی اہم ملاقات کریں گے، جس میں باہمی سیکیورٹی تعاون اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال متوقع ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






