لاہور (آئی این پی): امیر جماعت اسلامی پنجاب محمد جاوید قصوری نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد نان بائیوں کی جانب سے روٹی اور نان مہنگا کرنے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے مہنگائی پر قابو پانے کے لیے مؤثر اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ روٹی کی قیمت میں 9 روپے اور نان کی قیمت میں 10 روپے اضافے کے بعد روٹی 25 روپے اور نان 35 روپے کا ہو جانا اس بات کا ثبوت ہے کہ مہنگائی کی نئی لہر نے عام آدمی کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔
جاوید قصوری نے کہا کہ محنت کش، مزدور، دیہاڑی دار اور سفید پوش طبقہ پہلے ہی مہنگائی، بے روزگاری اور کم ہوتی قوتِ خرید سے شدید متاثر ہے، جبکہ حکومت حقیقی ریلیف دینے کے بجائے نمائشی اقدامات اور وقتی اسکیموں پر انحصار کر رہی ہے۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ مختلف حکومتی منصوبوں کا زیادہ فائدہ بااثر طبقے اور کرپٹ عناصر کو پہنچ رہا ہے، جبکہ عوام کو مسلسل مہنگائی اور معاشی مشکلات کا سامنا ہے۔
امیر جماعت اسلامی پنجاب نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سمیت تمام سرکاری فلاحی اسکیموں کا شفاف اور آزادانہ آڈٹ کرانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ قومی خزانے کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف سخت کارروائی ہونی چاہیے۔
انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام، پٹرولیم مصنوعات پر عوامی بوجھ میں کمی، کرپشن کے خاتمے اور عوام دوست معاشی پالیسیوں کے ذریعے شہریوں کو حقیقی ریلیف فراہم کیا جائے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






