//

پتنگ بازی پر عائدپابندی کی خلاف ورزی، پولیس کا کریک ڈاؤن

لاہور (آئی این پی): لاہور پولیس نے پتنگ بازی پر عائد پابندی کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن مزید تیز کرتے ہوئے حالیہ کارروائیوں میں 106 ملزمان کو گرفتار کر لیا، جبکہ ان کے خلاف کائٹ فلائنگ ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر لیے گئے۔

ترجمان لاہور پولیس کے مطابق رواں سال جاری آپریشن کے دوران اب تک 4 ہزار 642 افراد گرفتار کیے جا چکے ہیں، جبکہ 4 ہزار 474 مقدمات درج کیے گئے ہیں۔ کارروائیوں کے دوران ملزمان کے قبضے سے ایک لاکھ 22 ہزار سے زائد پتنگیں اور 4 ہزار 800 سے زائد چرخیاں بھی برآمد کی گئی ہیں۔

سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے پتنگ بازوں اور دھاتی ڈور تیار کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ پتنگ بازی پر عائد پابندی پر ہر صورت عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی۔

انہوں نے پولیس افسران کو فیلڈ میں مؤثر نگرانی اور سخت چیکنگ جاری رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ غیر قانونی پتنگ بازی قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع کا سبب بن سکتی ہے، اس لیے شہری قانون پر عمل کریں اور اس سلسلے میں پولیس سے تعاون کریں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close