وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور پر اعتماد، حویلی میں ن لیگ کے رہنما و کارکن پیپلز پارٹی میں شامل

 

مظفرآباد: آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے ضلع حویلی کے مختلف علاقوں سے سیاسی شخصیات اور کارکنوں کی پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت کا سلسلہ جاری ہے۔

 

وزیراعظم کے حلقہ انتخاب کے گاؤں ٹھولانگڑ سے چوہدری عبد الحمید، چوہدری محمد یونس، چوہدری محمد شبیر، محمود الحسن اور محسن علی مقدم نے مسلم لیگ (ن) چھوڑ کر اپنے ساتھیوں سمیت پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔

 

دریں اثنا ضلع حویلی کے گاؤں رینکڑی میں بشارت کٹاریہ، حمزہ کٹاریہ اور بابر کٹاریہ نے وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور کے اعزاز میں تقریب کا انعقاد کیا، جہاں انہوں نے بھی اپنے ساتھیوں سمیت مسلم لیگ (ن) سے علیحدگی اختیار کرتے ہوئے وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور کی حمایت اور پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔

 

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ عوام کی جانب سے پاکستان پیپلز پارٹی پر بڑھتا ہوا اعتماد اور مختلف سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے کارکنوں کی شمولیت اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ عوام خدمت، دیانت داری اور عملی کارکردگی کی سیاست کو ترجیح دے رہے ہیں۔

 

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے مختصر عرصے میں عوامی فلاح و بہبود، ترقیاتی منصوبوں، میرٹ کے فروغ اور سیاسی استحکام کے لیے مؤثر اقدامات کیے ہیں، جن کے باعث عوام کا اعتماد روز بروز مضبوط ہو رہا ہے۔ وزیراعظم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت عوام سے کیے گئے تمام وعدے پورے کرے گی اور آزاد کشمیر کی تعمیر و ترقی کا سفر مزید تیز کیا جائے گا۔

 

وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے پارٹی میں شامل ہونے والے نئے رہنماؤں اور کارکنوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ عوامی خدمت کے سفر میں پاکستان پیپلز پارٹی کا بھرپور ساتھ دیں گے اور علاقے کی ترقی میں فعال کردار ادا کریں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close